ایران : خاتون صحافی کو 13 برس قید کی سزا

100

ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے آئی ایس این اے نے خبر دی ہے کہ انقلابی عدالت نے اصلاح کی حامی ایک خاتون صحافی کو سکیورٹی کے الزامات پر تقریباً 13 برس قید کی سزا سنائی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہنگامہ شہیدی اپنے خلاف 12 برس 9 ماہ قید کی سزا کےفیصلے کے خلاف اپیل کا حق رکھتی ہیں۔ خبر میں مزید وضاحت نہیں کی گئی۔

تینتالیس برس کی شہیدی جون سے جیل میں ہیں، جس سے قبل وہ کچھ عرصے تک سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہ چکی ہیں۔

وہ دلیر صحافی ہیں، جو متعدد بار مختصر مدت کی جیل کاٹ چکی ہیں۔

پہلی بار وہ اُس وقت جیل گئی تھیں جب 2009ء کے متنازع صدارتی انتخابات ہوئے، جس میں سخت گیر سابق صدر محمود احمدی نژاد نے دوبارہ انتخاب جیتا تھا۔

اُس وقت سے سلامتی کی وجوہ کی بناء پر ایران میں کئی صحافیوں اور سرگرم کارکنوں کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔