کوئٹہ: لاپتہ رمضان بلوچ کے لواحقین بھی احتجاج میں شامل

225

عالمی ادارے بلوچ لاپتہ افراد کی بازیابی میں اپنا کردار ادا کریں ۔ علی حیدر بلوچ

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کی بھوک ہڑتالی کیمپ میں آٹھ سال قبل لاپتہ ہونے والے محمد رمضان کے بیٹے علی حیدر بھی شامل ہوگئے۔

لاپتہ محمد رمضان کے بیٹے علی حیدر نے کیمپ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا میرے والد کو آٹھ سال قبل اوتھل زیرو پوئنٹ سے اس وقت اغواء کیا گیا تھا جب ہم مشکے سے گوادر جارہے تھے۔

علی حیدر نے کہا کہ ہمارا آبائی علاقہ مشکے ہے اور میرے والد گوادر میں لانڈری کا کام کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ فورسز نے میرے والد کو حراست میں لیکر لاپتہ کیا جوتاحال بازیاب نہیں ہوسکے ہیں اور ہم نے اپنے والد کی بازیابی کے لئے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے کوئٹہ تا اسلام آباد تاریخی لانگ مارچ میں بھی حصہ لیا تھا لیکن کسی بھی جانب سے ہمیں کوئی خاطر خواہ جواب نہیں مل سکا اور آج ایک بار پھر ہم یہاں انصاف کے لئے آئے ہیں۔

علی حیدر بلوچ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان میں انصاف تو نہیں مل سکتا اور پاکستان میں انصاف نامی چیز ہے ہی نہیں، پاکستان میں سب اپنے آپ میں چور ہیں۔ وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے اتنی بڑی تاریخی لانگ مارچ کے بعد بھی ہمیں انصاف نہیں مل سکا اور آج بھی مجھے نہیں لگتا انصاف ملے گا لیکن آج ہم ایک بار پھر یہاں آئے ہیں تاکے آخری دم تک اپنے ماں بہنوں کا ساتھ دیں گے۔