قدوس بزنجو نے بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کرلیا

586

بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر اور بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے رہنماء میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ انہوں نے صوبائی اسمبلی کی اسپیکر شپ سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

میر عبدالقدوس بزنجو نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‘اگلے چند روز میں اسپیکر کے عہدے سے استعفیٰ دے دوں گا۔’

انہوں نے کہا کہ وہ چند دنوں میں کوئٹہ میں پریس کانفرنس کریں گے جس میں وہ اپنے اس فیصلے کی وجوہات سامنے لائیں گے۔

میر عبدالقدوس بزنجو نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ جام کمال کی جانب سے صوبائی حکومت سے متعلق اہم فیصلوں میں ان سے مشورہ نہیں کیا جاتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میں بطور رکن صوبائی اسمبلی اپنے لوگوں اور حلقے کی بہتر خدمت کر سکتا ہوں۔’

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے سابق دور حکومت میں میر عبدالقدوس بزنجو نے نواب ثنااللہ زہری کی صوبے میں حکومت ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

میر عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے بلوچستان اسمبلی میں ثنااللہ زہری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تھی، جنہوں نے بعد ازاں بطور وزیر اعلیٰ چھ ماہ فرائض انجام دیئے تھے۔