بلوچستان: مختلف واقعات میں 3 بچوں سمیت 4 افراد جانبحق، 10 زخمی

123

واقعات قلات، مستونگ اور نوشکی میں پیش آئے قلعہ سیف اللہ سے لاش برآمد۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں مجموعی طور پر 3 بچوں سمیت 4 افراد جانبحق اور 10 زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق زہری سے قلات جانے والے خانہ بدوشوں کی گاڑی سرخین کے مقام پر گہری کھائی میں گرنے سے دو بچوں سمیت خاتون جانبحق اور ایک شخص زخمی ہوگئے۔

زخمی ہونے والے میر محمد رئیسانی اپنے خاندان کے ہمراہ زہری سے قلات کے علاقے کپوتوں جارہے تھے کہ راستے میں گاڑی بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لیویز جائے وقوعہ پر پہنچ گئی زخمیوں اور جانبحق افراد کو نکال کر مقامی سول ہسپتال منتقل کردیا گیا-

ضلع مستونگ کے کلی سید علی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیا-

مقامی انتظامیہ کے مطابق لاش کو ضروری کارروائی کے بعد سول ہسپتال مستونگ منتقل کردیا گیا اور مزید کا رروائی کی جارہی ہے ۔

ایک اور واقعے میں کوئٹہ سے نوشکی جانے والی مسافر بس لیویز تھانہ کیشنگی کے قریب ٹائر برسٹ ہونے کی نتیجے میں الٹ گئی جس کے باعث 5 مسافر زخمی ہوگئے۔

نوشکی ہی کے علاقے شریف خان خواجہ آمد کے قریب موٹر سائیکل حادثے میں دو افراد محمد ظاہر اور محمد شریف زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے سول ہسپتال نوشکی منتقل کردیا گیا۔

دریں اثناء قلعہ سیف اللہ مسلم باغ سے 3 سالہ بچے کی لاش برآمد ہوئی ہے-