بلوچستان: فورسز کے ہاتھوں مختلف علاقوں سے 4 افراد گرفتاری بعد نامعلوم مقام پر منتقل
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے علاقے گوادر اور تربت سے فورسز نے 4 افراد کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام منتقل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق 20 اکتوبر کے روز فورسز نے کیچ سنگانی سر میں ڈیزل کے دکان پر چھاپہ مار کر تین افراد کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام منتقل کردیا۔
لاپتہ ہونے والے افراد میں ایک کی شناخت واھک ولد اسماعیل کے نام سے ہوئی جبکہ باقی دو افراد کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق تینوں افراد ڈرائیور ہیں اور ڈیزل کا کاروبار کرتے ہیں۔
دریں اثناء گوادر شہر کے علاقے نیو ٹاون سے فورسز نے ایک شخص کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ۔
واضح رہے بلوچستان میں انسانی حقوق کی سرگرم تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کا کہنا ہے کہ بلوچ لاپتہ افراد کو بازیاب کرنے کے بجائے دن بہ دن ان کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور بلوچ لاپتہ افراد کی مسخ شدہ لاشیں بھی پھینکی جا رہی ہیں۔