بولی وڈ اداکارہ انوشکا شرما یوں تو ان دنوں اپنی آنے والی فلم زیرو کی تشہیر اور اپنے شوہر کرکٹر ویرات کوہلی کے ساتھ اچھا وقت گزارنے میں مصروف ہیں۔
تاہم ان کے مداحوں کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ پہلی بار اداکارہ کا مجسمہ مادام تساؤ میوزیم کی زینت بنادیا گیا۔
انوشکا شرما کا مجسمہ لندن اور دہلی کے بجائے سنگاپور کے مادام تساؤ میوزیم میں 19 نومبر کو رکھ دیا گیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق مادام تساؤ میوزیم کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ انوشکا شرما کا مجسمہ ایک موبائل فون تھامے ہوئے ہوگا جو آتے جاتے افراد کے ساتھ سیلفی لیتا نظر آئے گا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ انوشکا شرما کا مجسمہ دنیا کے معروف میوزیم میں سجایا گیا ہے، علاوہ ازیں ان کے مجسمے کو سیاحوں اور مداحوں کے لیے توجہ کا مرکز بنانے کے لیے اسے جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ آراستہ کیا گیا ہے۔
اداکارہ کی طرح ہنستا مسکراتا دیدہ زیب کپڑے پہنا ہوا انوشکا شرما کا مجسمہ اس وقت از خود سیلفی لے لیتا ہے، جب کوئی سیاح یا مداح اس کے پاس جاتا ہے۔
اداکارہ کا مجسمہ اس قدر دیدہ زیب بنایا گیا ہے کہ ان میں اصل انوشکا شرما میں فرق کرنا مشکل ہے۔
اپنے مجسمے کی تقریب رونمائی کے موقع پر انوشکا شرما بھی مادام تساؤ میوزیم میں موجود تھیں اور خود اپنے ہی مجسمے کے ساتھ سیلفی کھچواتی نظر آئیں۔