افغانستان بلوچ اور پشتون قبائل کا دوسرا گھر ہے – جنرل وحید اللہ مہمند

500

افغانستان ایشیا کے دل میں آباد ہے ہم کسی سے خیرات نہیں مانگتے بلکہ دوست ممالک اور پوری دنیا سے اقتصادی وتجارتی تعلقات میں وسعت لانے اورامن و صلح کی بات کرتے ہیں

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق کوئٹہ میں متعین افغانستان کے قونصل جنرل وحید اللہ مہمند نے کہا ہے کہ افغانستان پشتون وبلوچ قبائل کا دوسرا گھر ہے، جنگ زدہ افغانستان میں 70 ہزار سے ایک لاکھ تک بلوچستان اور پشتونخواہ کے شہریوں کے علاوہ سندھ اور پنجاب کے لوگ محنت مزدوری اور فیکٹریاں چلا رہے ہیں، جن کی جان ومال وعزت محفوظ ہے۔

خطے میں امن کا قیام دہشتگردی کے خاتمے کے خلاف مخلصانہ کردار اور افغانستان کے امن و استحکام سے مشروط ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےسیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سیمینار میں سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں، سول سوسائٹی کے نمائندوں، شعرا وادیبوں اوردانشوروں نے بھی شرکت کی۔

افغان قونصل جنرل وحید اللہ مہمند نے کہا کہ افغانستان ایشیاء کے دل میں آباد ہے ہم کسی سے خیرات نہیں مانگتے بلکہ دوست ممالک اور پوری دنیا سے اقتصادی وتجارتی تعلقات میں وسعت لانے اورامن و صلح کی بات کرتے ہیں۔

جنیوامیں 65 ممالک کی کانفرنس میں افغان حکام نے خطے میں امن کے قیام اور دوست ممالک کے درمیان اقتصادی ومعاشی معاہدوں کے تبادلوں پر زور دیا۔

انھوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی کامیابی افغانستان کے امن و استحکام سے وابستہ ہے۔