لسبیلہ یونیورسٹی میں بنیادی ضروریات کیلئے پرامن احتجاج کرنے والے طلباء کو بیدخل کرنا افسوسناک عمل ہے – بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی
بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی اتھل زون نے اپنے بیان میں لسبیلہ یونیورسٹی سے دس طلباء کو بیدخل کرنے کو افسوسناک عمل کرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لسبیلہ یونیورسٹی میں پانی اور بجلی کے بندش کیخلاف پرامن احتجاجی مظاہرہ کرنے پر لسبیلہ یونیورسٹی انتظامیہ نے دس طلباء کو یونیورسٹی سے بیدخل کردیا جو کہ ایک افسوس ناک اور تعلیم دشمن عمل ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ معصوم اور پرامن طلباء پر تعلیمی اداروں میں ذہنی دباو اور یونیورسٹی سے بدر کرنا بدترین عمل ہے جو کہ انتظامیہ کو زیب نہیں دیتا کہ وہ اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کرنیوالے طالب علموں کو خاموش کرانے کیلئے یونیورسٹی سے بدر کریں۔
رہنماوں نے کہا کہ لسبیلہ یونیورسٹی میں موجود سہولیات طالب علموں کیلئے ناکافی ہیں، ہاسٹلز میں وائی فائی، کمپیوٹر لیب اور لائبریری کا نہ ہونا ان مسائل میں شامل ہے جس کی وجہ سے طلباء کو آئے دن مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب طالب علم ان مسائل کو حل کرنے کی کیلئے احتجاج کرتے ہیں تو انتظامیہ مسائل کو حل کرنے کی بجائے طاقت کا استعمال کرتی ہیں۔ نظام تعلیم کو پسماندہ کرنے سمیت بلوچ نوجوانوں کیلئے تعلیم کے دروازے بند کیے جارہے ہیں۔