قلات: اساتذہ تنظیم کا مطالبات کے حق میں مظاہرہ

278

قلات میں جی ٹی اے بی کے مرکزی کال کے تحت مظاہرے کا اہتمام کیا گیا۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان ضلع قلات میں اساتذہ تنظیم جی ٹی اے بی کی جانب سے آٹھ نکاتی مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق احمد یار خان پریس کلب قلت کے سامنے جی ٹی اے بی کی جانب سے مرکزی کال کے تحت مظاہرے کا اہتمام کیا گیا جس میں جی ٹی اے بی کے ضلعی صدر شبیر احمد، جنرل سیکرٹری سید عتیق الرحمان شاہ و کابینہ سمیت دیگر اساتذہ نے شرکت کی جبکہ مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔

مظاہرین نے مطالبات کے منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا عہد کیا اور کہا کہ اگر حکومت اور بیوروکریسی ہمارے حقوق تسلیم کرکے منظور نہیں کرتے تو جی ٹی اے کی صوبائی قیادت جہاں ہمیں احتجاج کے لئے کال دے گی قلات کے اساتذہ وہاں حاضر ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں پروموشن شرائط کے خلاف اساتذہ کا احتجاج

واضح رہے کہ بلوچستان میں گذشتہ کئی روز سے اساتذہ اپنے آٹھ نکاتی مطالبات کے حق میں کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں احتجاج کررہے ہیں۔

اساتذہ کا موقف ہے کہ پروموشن کیلئے بی ایڈ کے ساتھ سیکنڈ ڈویژن کا نام ناجائز لگا کر مطلوبہ قابلیت کے حامل سینئر ترین ہزاروں اساتذہ کو ترقی سے محروم کیا گیا ہے۔

ان کا مطالبہ ہے کہ سینئر اساتذہ کو ان کے تجربہ و سینئریٹی کی بنیاد پر 18 گریڈ پر ترقی دی جائے اور گریڈ 16 کے اساتذہ کو گھر خریدنے کیلئے الاؤنس دی جائے۔