شہدائے آزادی کے لازوال قربانیوں پر قوم ہمیشہ فخر کرے گی۔بی ایس او آزاد

228

تیرہ نومبرجہد ِ آزادی میں اپنی جان قربان کرنے والوں سے تجدید عہد کا دن ہے۔بی ایس او آزاد

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں بلوچ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوموں کی ترقی میں شہداء کی لازوال قربانیوں کو ایک مقدس مقام حاصل ہے۔زندہ قومیں اپنے شہیدوں کو ہمیشہ یاد کرکے انہیں بھر پور طریقے سے خراج عقیدت پیش کرتی ہیں۔13 نومبر کا فلسفہ یہی ہے کہ بلوچستان کی آزادی کیلئے جان نچھاور کرنے والے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ قومی آزادی کے لئے قربانی دینے والے کوتحریک آزادی میں ایک اہم مقام حاصل ہے۔

ترجمان نے اس دن کے اہمیت اور تاریخ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جب انگریز سامراج بلوچ وطن پر قبضہ کرنے کیلئے ریاست قلات پر حملہ آور ہوا تواس کے خلاف بلوچ رہنما ء خان محراب خان اور ان کے ساتھیوں نے مزاحمت کا راستہ اختیار کیا۔ انگریز سامراج کے خلاف لڑتے ہوئے خان محراب خان اور ان کے ساتھیوں نے وطن پر قربان ہو کر آنے والے نسلو ں کو جدوجہد کا عظیم راستہ دکھا دیا تھا۔ جبکہ بیرونی طاقتوں پر یہ واضح کیا کہ بلوچ وطن کے دفاع میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ 13نومبر یوم بلوچ شہداء کا دن منانے کا مقصد اس دن کی اہمیت اور قومی آزادی کی طویل جدوجہد کو نہ صرف اجاگر کرنا ہے بلکہ عالمی برادری کی توجہ بھی اس جانب مبذول کرانا ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچ قوم صدیوں سے اس سرزمین میں ایک آزاد و خودمختیار قوم کی حیثیت سے آباد ہیں۔لیکن بلوچ ایک طویل اور اہم جغرافیائی خطے میں رہنے کی وجہ سے ہر وقت سامراج اور انسان دشمن قوتوں کے ظلم اور جبر کا سامنا کرتی آ رہی ہے۔ صدیوں سے آباد بلوچ قوم اپنی الگ شناخت،تہذیب و تمدن،زبان و ثقافت ہونے کے باوجود گذشتہ دو سوسالوں سے مقبوضہ قوم کی حیثیت سے زندگی بسر کر رہی ہیں اور اس غلامی کے خلاف ہزاروں نوجوان، بزرگ، خواتین اور بچوں نے اپنے جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

ترجمان نے آخر میں یوم بلوچ شہداء کے مناسبت سے تمام زونوں کو ریفرنس منعقد کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے تمام زون یوم شہداء کی مناسبت سے پروگرام منعقد کریں اور تمام ممبران سمیت بلوچ نوجوان سوشل میڈیا میں #13NovBalochMartyrsDayکا ہیش ٹیگ استعمال کرکے اس دن کے حوالے سے سوشل میڈیا میں آگاہی مہم چلائیں۔