سی پیک میں سعودی شمولیت پر کوئی اعتراض نہیں – چین

185

چین نے سی پیک میں سعودی عرب کی شمولیت پر ناراضی کی خبروں کو مسترد کردیا، چینی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے سی پیک میں تیسرے فریق کی شراکت کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ ترجمان نے ریاض کی سی پیک میں شمولیت کو مثبت پیش رفت قرار دیا۔

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لوکنگ نے سی پیک میں سعودی عرب کے بطور سرمایہ کار شرکت کے سوال پر کہا ہے کہ سی پیک، بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا اہم حصہ ہے اور خطے کی خوشحالی کیلئے کسی تیسرے فریق کی اس میں شراکت داری ایک مثبت پہلو ہوگا۔

لوکنگ کے مطابق وسیع پیمانے پر مشاورت، اشتراک اور مشترکہ فوائد بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے رہنماء اصول ہیں، اس لئے سی پیک میں مشاورت کی بنیاد پر تیسرے فریق کی شراکت داری کا خیر مقدم کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں چینی سفارتخانے کے ڈپٹی چیف لی جیان ژاؤ نے پوچھے گئے ایک سوالکے جواب میں کہا کہ سی پیک میں سعودی عرب کی ممکنہ سرمایہ کاری پر چین قطعی طور پر ناراض نہیں ہے۔

ستمبر میں چینی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے بعد چین نے سی پیک پروجیکٹس کو مغربی علاقوں تک وسعت دینے کا اعلان کیا تھا۔