شیعہ زاہرین کے قافلے کو جعفر آباد میں روکا گیا، زائرین کی جانب سے احتجاج
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع جعفر آباد میں سندھ سے بلوچستان آنے والے شیعہ زاہرین کے قافلے کو روک دیا گیا، راستہ نہ ملنے پر زائرین کی جانب سے احتجاجی دھرنا دیا گیا اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی جبکہ قافلے کو روکنے کے باعث شاہراہ پر ٹریفک معطل رہی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ سے بلوچستان کے راستے داخل ہونے والے شیعہ زائرین کی 21 گاڑیوں کے قافلے کو سندھ بلوچستان کے بارڈر ڈیرہ اللہ یار بائی پاس پر روکا گیا۔ قافلے میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہیں جعفرآباد پولیس نے آگے جانے سے روک دیا۔
شیعہ رہنما علامہ مقصود ڈومکی، علامہ برکت مطہری و دیگر زائرین کے مطابق ہمیں ڈیرہ اللہ یار پولیس خواہ مخواہ تنگ کررہی ہے، ہم سب کے پاس پاسپورٹ موجود ہیں۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ زائرین کے پاس این او سی نہ ہونے پر انہیں روکا گیا ہے۔ سیکورٹی کلرینس ملنے کے بعد انہیں چھوڑا جائے گا اور کوئٹہ روانہ کر دیا جائے گا۔
مشتعل زائرین نے دھرنا دے کر قومی شاہراہ بلاک کرکے مرکزی اور صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ اس موقعے پرخواتین اور بچوں نے بھی مظاہرہ کیا۔ دھرنے کے باعث سندھ بلوچستان کی طرف آنے اور جانے والے ٹریفک معطل ہو گئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔