سندھ: قوم پرست رہنما اصغر شاہ کے گھر پر فورسز کا چھاپہ

464

سندھ کے شہر لاڑکانہ میں سندھی قوم پرست رہنما اصغر شاہ کے گھر پر فورسز کا چھاپہ، خواتین و بچوں پر تشدد

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں سندھی قوم پرست رہنما اصغر شاہ کے گھر پر فورسز و خفیہ اداروں کی جانب سے چھاپہ مارا گیا۔ دوران چھاپہ خواتین و بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع لاڑکانہ کے شہر ڈوکری بائی پاس پر واقعے قوم پرست رہنما اصغرشاہ کے گھر پر گذشتہ رات سندھ رینجرز، پولیس اور سول کپڑوں میں ملبوس خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے چھاپہ مارا۔ اس موقعے پر سید محلے کے تمام گھروں کی تلاشی لی گئی۔

علاقائی ذرائع کے مطابق دوران آپریشن فورسز نے گھروں میں اشیاء کی توڑ پھوڑ کی اور خواتین و بچوں سمیت دیگر افراد کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ان سے قوم پرست رہنما اصغرشاہ اور اُنکے بچوں کے بارے میں تفتیش کی گئی۔

واضح رہے اس سے قبل اصغر شاہ کے کزن عبدالستار شاہ کو سکھر سے گرفتاری بعد لاپتہ کردیا گیا تھا جنہیں دو مہینے بعد حیدر آباد کے قریب بائی پاس پر تشدد زدہ حالت میں چھوڑ دیا گیا تھا۔