دبئی میں دنیا کا سب سے بڑا کتب میلہ، 30 لاکھ کتب کی نمائش

168

دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں دنیا کا سب سے بڑا کتب میلے کا آغاز ہوگیا، نمائش میں 30 لاکھ کتابیں رکھی گئی ہیں جو 80 فیصد رعایت میں دستیاب ہوں گی۔

عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کا سیاحی اور تجارتی مرکز ان دنوں دنیا کے سب سے بڑے علمی ذخیرے کی وجہ سے بھی دنیا کی توجہ کا مرکز ہے، دبئی میں منعقدہ کتب میلے میں 30 لاکھ سے زائد کتابیں رکھی گئی ہیں جو انتہائی کم نرخوں پر فروخت کی جارہی ہیں۔

دبئی میں جاری کتب میلہ اپنی نوعیت کا مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا کتب میلہ ہے، اس سے قبل 2009 میں ملائیشیا کے شہر کوالامپور میں ’بگ باڈ وولف‘ کتاب میلہ منعقد کیا گیا تھا۔

اس کے بعد ایشیائی شہروں جکارتا، منیلا، سیپو، کولمبو، بنکاک اور تایبہ میں کتب میلوں کا انعقاد کیا گیا، دبئی میں جاری کتب میلہ 11 روز تک جاری رہے گا، توقع ہے کتب میلے میں تین لاکھ سے زائد افراد شرکت کریں گے۔

کتب نمائش کے بانی انڈرو یاب کا کہنا ہے کہ توقع رکھتے ہیں کہ دبئی میں ہونے والا یہ کتب میلہ بڑی تعداد میں کتابوں کی فروخت کا ذریعہ بنے گا۔

اماراتی مصنفہ روضہ المری کا کہنا ہے کہ کتب میلے میں ان کی کتابیں بھی فروخت ہورہی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ دبئی جیسے جدید اور ترقی یافتہ شہر میں ٹیبلٹ اور کمپیوٹر نسل کو مطالعے کی طرف راغب کرنے یہ بہترین کوشش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس طرح کے کتب میلوں کی اشد ضرورت ہے، اسی طرح ہم نوجوانوں کے ہاتھوں میں کتاب دے سکتے ہیں۔