جھل مگسی و جعفر آباد: غیرت کے نام پر 2 خواتین سمیت 3 افراد قتل

216

جھل مگسی  و جعفر آباد میں غیرت کے نام پر 2 خواتین سمیت 3 افراد قتل کردیئے ۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع جھل مگسی اور ضلع جعفر آباد میں دو الگ وارداتوں میں غیرت کے نام پر دو خواتین سمیت تین افراد کو قتل کردیا گیا جبکہ دونوں واقعات کے ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق جھل مگسی کے گاٶں نندانی مگسی میں سمرمگسی نے اپنی بہن مسمات نسیمہ بی بی اور وسیم مگسی کو غیرت کے نام پر قتل کردیا اورخود موقع واردات سے فرار ہوگیا۔

لیویز فورسز نے دونوں نعشیں تحویل میں لیکر ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیں جہاں ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثا کے حوالے کردی گٸیں۔

دوسرے واقعے میں پولیس کے مطابق جعفرآباد کی تحصیل اوستہ محمد کے گاوں نثار احمد رند میں بلاول پلال نے اپنی بیوی مسمات پددم بی بی کو غیرت کے نام پر آتشی اسلحہ سے فائرنگ کرکے قتل کردیا، یہاں بھی واقعے کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس نے نعش اسپتال منتقل کرکے ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کرکے مزید کاروائی شروع کردی ہے۔