بلوچستان پہ توجہ نہ دی گئی تو خطرناک نتائج برآمد ہونگے۔اختر مینگل

147
File Photo

بی این پی کی جانب سے پیش کیے گئے چھ نکات پر عمل درآمد کیا جائے ۔ پاکستانی صدر سے اختر مینگل کی ملاقات

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل پر توجہ نہ دی گئی تو مستقبل میں اس کے خطرناک نتائج برآمد ہونگے ۔

ان کا کہنا تھا کہ گوادر پر سب سے پہلے بلوچستان کے عوام کا حق ہے وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی وخوشحالی اور مسائل پر خصوصی توجہ دیں اور 6 نکات پر عملدرآمد کرائی جائے ۔

بی این پی مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل اور بی این پی کے دیگر رہنماؤں نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کر تے ہوئے بی این پی کے چھ نکات، بلوچستان خصوصا گوادر میں پانی، بجلی، صحت و تعلیم کے مسائل سے آگاہ کیا اور گوادر پورٹ سے متعلق تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ایم پی اے گوادر میر حمل کلمتی نے صدر پاکستان کو گوادر میں غیر قانونی ٹرالرنگ، ماہی گیروں کے مسائل دیمی زر سمندر میں گودی اور پدی زر سمندر میں جیٹی کی تعمیر، پسنی جیٹی کی بحالی سمیت پانی و بجلی کے مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی ۔

رکن بلوچستان اسمبلی میر حمل کلمتی نے کہا کہ گوادر شہر کے باسی ماہی گیر ہیں گوادر کا صنعت ماہی گیری ہے گوادر کی ترقی میں ماہی گیروں کو شامل کئے بغیر ترقی کا خواب ادھورا ہے گوادر کے ماہی گیروں کے مسائل حل کرکے ان کے ایکسپریس وے کے متعلق خدشات دور کئے جائیں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ بی این پی کے چھ نکات پر کام کا آغاز ہو چکا ہے۔

صدر پاکستان کا کہنا تھا گوادر سمیت بلوچستان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائےگا۔

اس حوالے سے صدر پاکستان نے گوادر کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرنے، ماہی گیروں کیلئے گودی و منی فش ہاربر کی تعمیر سمیت غیر قانونی ٹرالرنگ و پسنی ہاربر کی ڈریجنگ و بریک واٹر کی تعمیر پر حکام سے پندرہ دن میں رپورٹ طلب کرلی، صدر پاکستان نے پندرہ دن کے اندر گوادر کے اہم مسائل پر اجلاس بلا کر ان کو حل کرانے کے احکامات بھی جاری کئے۔