بلوچستان : پولیس و لیویز کی کاروائی متعدد افراد گرفتار

450

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پولیس اور لیویز نے کاروائی کرتے ہوئے تین ڈاکوؤں سمیت سات افراد کو گرفتار کرلیا۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں لیویز اور پولیس فورسزنے کاروائی کرتے ہوئے کارلفٹر اور منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے منشیات و اسلحہ برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق نوکنڈی کے قریبی علاقے مشکیچاہ کے مقام پر لیویز کا ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی ، ڈاکوؤں اور لیویز کے درمیان مقابلے کے بعد تین ڈاکو شاہد،نصراللہ اور محمد ایوب کو گرفتار کرلیاگیا، جن کے قبضے سے ایرانی کرنسی، موبائل فون اور کلاشنکوف کی برآمدگی کے ساتھ ایک ڈبل ڈور پک اپ گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ۔

دوسری جانب ایک اور کاروائی میں حب چوکی پولیس نے منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کرکے دو مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات،کرسٹال ،ایک عدد پسٹل اور ایک مسروقہ آلٹو کار برآمد کرلیاگیا ، جس کے بعد ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہیں۔

در یں اثناء خضدار شہر کے علاقے کھٹان میں پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے اغواء برائے تاوان کے کیس میں مطلوب ملزم کو گرفتار کرلیا ۔

خضدار پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونے والے ملزم نصراللہ ہے جو کافی عرصے سے روپوش تھا ۔

ایک اور کاروائی میں کوسٹ گارڈ کے اہلکاروں نے خضدار سے کراچی جانے والی کوچ۔سپر جھالاوان کے مسافر سے 7 کلو کرسٹل بر آمد کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا۔