بلوچستان: فورسز کے ہاتھوں 2 افراد لاپتہ 2 بازیاب

158

بلوچستان کے مختلف علاقوں سے فورسز نے 2 افراد کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں سے فورسز نے دو افراد کو گرفتار کرکے نا معلوم مقام پر منتقل کردیا جبکہ 2 افراد بازیاب ہوگئے ہیں-

تفصیلات کے مطابق آواران کے علاقے پیراندر زومدان میں فورسز اہلکاروں نے ایک گھر پر چھاپہ مار کر نوربخش ولد میار سکنہ پیرندر زومدان کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

مقامی زرائع کے مطابق فورسز اہلکاروں نے چادر و چاردیواری کی پامالی کرتے ہوئے خواتین اور بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔

دریں اثناء بلوچستان کے ضلع خضدار میں پاکستانی فورسز نے ایک دودھ فروش عبدالوحید ولد خدا بخش کو گرفتار کرکے نامعلوم پر منتقل کردیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق عبدالوحید خضدار میں دودھ بیچنےکا کاروبار کرتا تھا جسے فورسز اہلکاروں نے حراست میں لیکر لاپتہ کردیا ہے۔

ادھر تربت کے علاقے پیدارک جمک سے فورسز کے ہاتھوں گرفتاری بعد لاپتہ ہونے والے 2 افراد علی بخش ولد رحیم بخش اسحاق ولد حسین آج بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔

واضح رہے بلوچستان میں انسانی حقوق کی سرگرم تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کا کہنا ہے کہ بلوچ لاپتہ افراد کو بازیاب کرنے کے بجائے دن بہ دن ان کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور بلوچ لاپتہ افراد کی مسخ شدہ لاشیں بھی پھینکی جا رہیں ہیں۔