اوتھل: بجلی بندش کے خلاف خواتین نے مین شاہراہ بند کردی

227

خواتین نے بجلی بندش کے خلاف ڈی سی آف کے سامنے احتجاجاً شاہراہ بند کردی

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ضلع لسبیلہ کے تحصیل اوتھل میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف خواتین احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئے، خواتین نے ڈی سی آفس کے سامنے مین شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اوتھل کے علاقہ مکینوں نے بجلی بندش کے خلاف احتجاجاً مین شاہراہ کو بلاک کردیا۔ خواتین کی بڑی تعداد نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھائے احتجاج میں حصہ لیا جبکہ شاہراہ بند ہونے کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مظاہرین کے مطابق گذشتہ چھ روز سے بجلی کی بندش کی وجہ سے علاقے میں پانی کے قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ دیگر شعبہ ہائے زندگی بھی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔

واضح رہے گذشتہ ایک ہفتے سے اوتھل، بیلہ، وندر کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی تعطل کا شکار ہے جبکہ گذشتہ رات بھی اوتھل میں بجلی بندش کیخلاف احتجاجاً مین شاہراہ بند کردی گئی تھی۔

دوسری جانب ’کے الیکٹرک‘ نے موقف اپنایا ہے کہ مین ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے کے باعث ضلع لسبیلہ کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔