انڈیا : ٹرین حادثے میں 50 افراد ہلاک ، 100 سے زائد زخمی

122

انڈین پنجاب کے شہر امرتسر کے پولیس کمشنر سُدھانشو شیکھر نے میڈیا کو  بتایا ہے کہ دسہرے کے تہوار کے موقعے پر راون کو جلاتے ہوئے ایک ٹرین حادثے میں کم سے کم 50 افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں۔

مقامی صحافی روندر سنگھ روبن نےعالمی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ امرتسر کے جوڑا پھاٹک پر ایک ریلوے ٹریک کے پاس راون کو جلایا جا رہا تھا۔ اس دوران بہت سے لوگ ریل کی پٹڑی پر بھی بیٹھے ہوئے تھے۔ شام ساڑھے چھ بجے کے قریب جب راون کے پتلے کو آگ لگائی گئی تو سٹیج سے لوگوں کے پیچھے ہٹنے کی اپیل کی گئی۔ اسی دوران لوگ پیچھے ہٹے اور پٹڑی پر ٹرین آگئی۔ اس سے وہاں موجود بھیڑ کا ایک بڑا حصہ ٹرین کی زد میں آ گیا۔

اس پروگرام میں سٹیج پر پنجاب کے نائب وزیر اعلی نوجوت سدھو کی بیوی نوجوت کور سدھو بھی موجود تھیں۔ ڈپٹی پولیس کمشنر نے بتایا کہ ہسپتالوں اور ایمبیولنسس کو الرٹ پر رکھا گیا ہے۔