بی این ایم کا جرمنی میں مظاہرے کا اعلان

119

بلوچ نیشنل موومنٹ کے ترجمان نے کہاہے کہ پاکستان کی جانب سے بلوچستان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر کل اتوار چودہ اکتوبر کو جرمنی میں احتجاجی مظاہرہ کیاجائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ یہ مظاہرہ بین الاقوامی سطح پر آگاہی پھیلانے کی غرض سے جاری پارٹی کے مہم کا حصہ ہے۔ اس سلسلے میں اگلا مظاہرہ یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں کیا جا ئے گا۔

ترجمان نے کہا کہ اس وقت بلوچستان کے طول و عرض میں جاری فوجی آپریشنوں میں پاکستانی فوج اورخفیہ ادارے انسانی حقوق کے سنگین خلاف ورزی اور جنگی جرائم کا ارتکاب کررہے ہیں۔ نسل کشی کے سلسلے میں مزید شدت لائی گئی ہے۔ پاکستانی فوج بلوچ فرزندوں کی حراستی قتل،گھروں کو نذرآتش کرنے اورلوٹ مار کے بعد اب فورسزکے ہاتھوں بلوچ خواتین اور بچوں کو حراست میں لینے اور دوران حراست خواتین کی آبروریزی کے واقعات بھی معمول بنتے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا پاکستان کی انسانیت سوز درندگیوں کو دنیاکے سامنے لانے کے لئے کل جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیاجائے گا۔اس مظاہرے میں پارٹی کے کارکنوں کے علاوہ مقامی لوگ بھی شرکت کریں گے۔ تمام آزادی پسند اور انسان دوست تنظیموں سے اپیل ہے کہ اس مظاہرے میں شرکت کریں۔
اس مظاہرے کے لئے سوشل میڈیا میں #savebalochwomenکا ہیش ٹیگ استعمال کیاجائے گا۔