کوئٹہ : کچرہ ٹھکانے لگانے و ری سائیکلنگ کے لئے منصوبہ طے پا گیا

261

کوئٹہ شہر کی صفائی کی صورتحال کی بہتری کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور شہر کے کچرے کو ٹھکانے لگانے اور اس کی ری سائیکلنگ کے لئے نجی شعبہ سے شراکت داری کی جائے گی۔

کوئٹہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو محمد ہاشم سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حکومتیں وسائل کی کمی کے باعث عوامی خدمات کے شعبہ میں بہت سے کام تنہا نہیں کرسکتیں، دنیا بھر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تصور کو عملی جامہ پہناکر عوام کو سہولیات فراہم کی جارہی ہیں،بلوچستان میں بھی مختلف شعبوں میں اس طرز پر کام کرنے کی بہت گنجائش موجودہے۔

 کوئٹہ ویسٹ مینجمنٹ کے چیف ایگزیکٹیو نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ ان کی کمپنی نے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ساتھ2010ء میں ایک معاہدے کے تحت شہر کے کچرے کی ری سائیکلنگ کا پلانٹ لگایا تھا تاہم معاہدے میں شامل شقوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث دو سال بعد پلانٹ بند کرنا پڑا۔

 وزیراعلیٰ جام کمال نے اس موقع پر میئر کوئٹہ اور کمشنر کوئٹہ کو مینجمنٹ کمپنی کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے اس مسئلے کے فوری حل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ ری سائیکلنگ پلانٹ کو فعال کرکے کچرے کو ٹھکانے لگایا جاسکے۔