ڈیرہ بگٹی: بجلی بندش کے خلاف زمینداروں کا ہڑتال و مظاہرہ

176

ڈیرہ بگٹی میں سوئی کے نواحی علاقوں میں بجلی بندش کے خلاف تحصیل سوئی میں گریڈ اسٹیشن کے گیٹ پر 7 روز سے احتجاج جاری

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں مختلف مقامات پر بجلی کی بندش کے خلاف زمینداروں کا احتجاج ایک ہفتے سے جاری ہے جبکہ مظاہرین نے بازار بند کرا دیئے۔

مظاہرین کے مطابق گھریلو صارفین اور زمیندار گزشتہ ایک ہفتے سے ہڑتال کر رہے ہیں لیکن کوئی سننے والا نہیں ہے۔ واپڈا حکام نے ماہانہ لاکھوں روپے کا بل وصول کرنے کے باوجود بجلی کاٹ دی ہے۔ کھڑی فصلوں کو تباہ کر کے ہمارا معاشی قتل کیا جا رہا ہے

مظاہرین سے زمیدار ایکشن کمیٹی کے سربراہ میر جان محمد بگٹی، وڈیرہ محمد بخش بگٹی، میر جمال کلپر، وڈیرہ شاہ نواز بگٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوئی واپڈا حکام کی جانب سے33 ہزار کے وی کو بند کرکے11 ہزار کرنے سے ٹیوب ویل نہیں چل سکتے۔

انہوں نے کہا ہمارا یہ احتجاج واپڈا حکام کی جانب سے بجلی منقطع کرنے پر گزشتہ سات روز سے جاری ہے لیکن ابھی تک صوبائی حکومت خواب خرگوش کی نید سو رہی ہے اور بگٹی قوم کا معاشی قتل کیا جارہا ہے۔

مظاہرین نے کہا کہ اگر ہمارے جائز مطالبات کو تسلیم نہیں کیے گئے تو ہم احتجاج کا دائرہ وسیع کرینگے۔