پاکستان کی سعودیہ کو ادھار تیل و مالی امداد کے بدلے بلوچستان کے معدنیات کی پیشکش

405

پاکستان نے ادھار تیل اور مالی امداد کے عوض سعودی عرب کو ریکوڈک منصوبہ اور ایل این جی پاور پلانٹس میں بلین ڈالرزکی سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے۔

وزارت کامرس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان نے سعودی عرب کو بلوچستان کے سونے اورتانبے کے ذخائر کے حامل ریکوڈک منصوبے میں سرمایہ کاری کی پیشکش کر دی ہے، اس معاہدے پردستخط سعودی اعلیٰ حکام کے  دورے کے دوران ہونے کا امکان ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان اس معاہدے پرمزید گفت و شنید اعلیٰ سعودی وفد کے آج سے شروع ہونے والے پانچ روزہ دورے کے دوران  ہوگی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی طرف سے سعودی عرب کو ملٹی بلین ڈالرز کے حامل گوادرمیں آئل ریفائنری  کے قیام اور پنجاب میں موجود ایل این جی پاور پلانٹس میں بھی سرمایہ کاری کی پیشکش کی جا چکی ہے, کہا جاتا ہے چندروز  قبل سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے مشیرخاص محمد اجیل الخطیب کی اچانک آمد پراسلام آباد میں کافی کھلبلی مچی ہوئی تھی جو وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے ایک دن بعد اسلام آباد پہنچے تھے۔

پاکستان نے سعودی عرب کوپاک چائنہ اقتصادی راہداری(سی پیک) میں شمولیت کی بھی آفرکی  ہے لیکن ابھی تک سرکاری طورپر نہ سعودی عرب اورنہ ہی چین کی طرف سے کسی ردعمل کا اظہارکیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ سعودی اعلی وفد سے مذا کرات کے دوران پاکستانی حکام کی دلچسپی تیل کی تاخیر سے ادائیگی اور ادائیگیوں کے توازن کا دبائو کم کرنے کے طریقہ کار طے کرنے میں ہوگی کیونکہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان کا درآمدی بل 4 بلین ڈالرکے اضافے سے  بڑھ کر18.5بلین ڈالر تک بڑھ جائیگا۔

پاکستان کو آئی ایم ایف کے پروگرام سے بچنے کیلئے  سعودی عرب سے کم ازکم فی الفور 2 ملین ڈالرز کے ادھار پرتیل اور مالی امداد کی ضرروت ہے جبکہ قرضوں کی ادائیگی اور درآمدات  کے بل کے لیے رواں مالی سال میں 11 بلین ڈالر درکار ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ وزرات پاور، انڈسٹری اور منرل کے مشیر احمد حمید الغامدی اعلی سعودی وفدکی سربراہی کر رہے ہیں، سعودی انٹرنیشنل اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے ادارے( ایس سی آئی ایس پی)کے ڈائریکٹر سٹریٹجک پارٹنرشپ اور بزنس ڈیولپمنٹ زاریا قربان بیش اور سعودی تیل کمپنی آرامکو کے حکام بھی اس وفد کا حصہ ہونگے۔

ذرائع کے مطابق سعودی وفدآئل ریفائنری کے قیام کے لیے گوادرسی پورٹ کا بھی دورہ کریگا۔ اگر دونوںممالک کے درمیان معاہدہ طے پا جا تا ہے توسعودی عرب گوادر میں ریفائنری کی تعمیرکریگا جو روزانہ ایک لاکھ بیرل تیل فراہم کریگی۔اگر ریکوڈک سے متعلق معاہدہ طے پا جاتا ہے تو یہ سعودی وفدکی آمدکا سب سے اہم نکتہ  ہوگا۔

یاد رہے کہ 2012 ء میں بلوچستان کی صوبائی حکومت کی طرف لیز منسوخ کئے جانے کے بعد ٹیتھیاںکاپرکمپنی نے عالمی عدالت میں ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا۔

2013 سپریم کورٹ نے کمپنی کا دعوی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کوریکوڈک کے ذخائر کی تلاش کے کوئی قانونی حقوق حاصل نہیں۔ عالمی عدالت میں کمپنی کی لیز منسوخ کرنے کی صورت میں  پاکستان کوان دنوں 11.43 بلین ڈالر کے ہرجانے کی ادائیگی کے دعوے کا سامنا ہے تاہم  ذرائع کاکہنا ہے کہ ٹیتھیان کمپنی کے دعویٰ میں کئی ایک خامیاں موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق سعودی عرب حویلی بہادرشاہ پاورپلانٹ میںبھی سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے اور سعودی وفد پلانٹ کی سائٹ کا دورہ بھی کرے گا جبکہ گذشتہ حکومت بھی حویلی بہادرشاہ اوربلوکی  پاور پلانٹس کی نجکاری کرنا چاہتی تھی لیکن لیکن بوجوہ ایسا نہ ہوگا۔ تاہم ابھی تک فوری طور پر واضح نہیں کہ سعودی عرب پاورپلانٹس میں بھی سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے یا نہیں۔ البتہ قائداعظم تھرمل پاورکے لیے سعودی عرب کوسرمایہ کاری کی آفرکی جا سکتی ہے۔

مزید برآں پاکستان کے لیے آٹھ سے دس ارب ڈالر کا پیکیج زیر غور آئیگا۔  تین سال کے لیے ادھار تیل کی سہولت دیئے جانے کا امکان ہے۔ ادھار تیل سے پاکستان کو تین سے پانچ ارب ڈالرز کی سہولت ملے گی جبکہ ڈیڑھ ارب ڈالرز کی سعودی گرانٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا جائیگا۔