مستونگ غیر قانونی ٹیوب ویل چلانے کے خلاف آر سی ڈی شاہراہ بلاک

127

شمسی ٹیوب ویل چلانے اورکاریزی قوانین کو نظر انداز کرنے کے خلاف مظاہرین نے کوئٹہ تفتان شاہراہ کو بلاک کردیا

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کردگاپ میں کاریزآباد کے عوام نے بااثر شخص کی جانب سے کاریز کے حدود میں غیر قانونی طریقے سے شمسی ٹیوب ویل چلانے اور علاقے کے اکثریت اورعلاقائی، قبائلی اورکاریزی قوانین کو نظر انداز کرنے کے خلاف کوئٹہ تفتان شاہراہ بلاک کردیا۔

تاہم مقامی انتظامیہ نے کاروائی کرتے ہوئے مذکورہ ٹیوب ویل کے شمسی پلیٹوں کو اپنے تحویل میں لیکر ٹیوب ویل کو بند کر دیا۔

کاریز آباد کے عوام کا کہنا تھا کہ عرصہ دراز سے ایک شخص کاریز آباد کردگاپ جوکہ مستونگ کے350 کاریزوں میں سے بچا علاقے کے واحد کاریز کےحدود میں ٹیوب ویل قائم کرکے کاریز کوخشک کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے جوکہ کاریزقوانین کی خلاف ورزی ہے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کے ہم اس چیز کی ہرگزاجازت نہیں دینگے انہوں نے کہا ہے کہ سابقہ اور موجودہ ڈپٹی کمشنر قائم لاشاری کو شرکاء نے مذکورہ شخص کی غیرقانونی اقدامات کے متعلق تحریری درخواست بھی دی، جس پر انہوں نےمذکورہ ٹیوب ویل کو بندکرنے مقامی انتظامیہ کو واضح احکامات بھی جاری کیئے۔

مظاہرین نے شکایات کی ہے کہ با اثر شخصیت کے خلاف کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں کیا جارہا جس پرعوام نے مجبورہو کر احتجاج کا راستہ اختیار کیا۔

اطلاعات کے مطابق مظاہرین نے ڈپٹی کمشنرقائم لاشاری سے پرزور اپیل کی ہے کہ مذکورہ ٹیوب ویل کے تمام آلات کو ضبط کر کے بند کیا جائے۔