افغانستان : کندھار میں فضائی بمباری 57 افراد ہلاک

659

افغانستان کے جنوبی صوبے کندھار میں فضائی بمباری سے 57 طالبان شدت پسند ہلاک ۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ رات کندھار کے ضلع  میوند  کے  مختلف علاقوں میں قائم چیک پوسٹوں پر طالبان شدت پسندوں نے  منظم حملے کئے ، جس کے بعد افغان اور امریکی جنگی طیاروں نے طالبان شدت پسندوں پر اندھا دھند بمباری کی ۔

افغان میڈیا کے مطابق قریبی صوبے ہلمند سے آنے والے سینکڑوں  طالبان کندھار کے ضلع میوند پر قبضے کی منصوبہ بندی کرچکے تھے جس کی اطلاع پہلے ہی سے افغان حکومت کو ملی تھی ۔

کندھار پولیس سربراہ حاجی رازق اچکزئی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میوند کے قلعہ شاہ میر اور سرہ بغل علاقوں میں طالبان نے متعدد چیک پوسٹوں پر حملہ کیا جس کے فضائی کمک روانہ کی گئی اور 57 طالبان کو مار دیا ۔

پولیس سربراہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا طالبان کے حملے میں 4 پولیس اہلکار جانبحق جبکہ 11 زخمی ہوئیں ہیں ۔

دوسری جانب کندھار شہر میں تلاشی پہ مامور پولیس اہلکاروں پر بم حملہ ہوا ۔

پولیس اہلکاروں پر حملہ کندھار شہر میں واقع سیال ہسپتال کے قریب ہوا ، حملے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 4 پولیس اہلکار زخمی ہیں ۔

دریں اثناء کندھار ہی کے ضلع خاکریز میں طالبان اور فورسزکے مابین ہونے والے جھڑپ میں 7 طالبان شدت پسند ہلاک جبکہ 2 پولیس اہلکار زخمی ہیں ۔