کیچ میں فورسز کا گھروں پر چھاپے، 3 افراد حراست بعد لاپتہ
دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے ہوشاپ میں فورسز کا سرچ آپریشن، دوران آپریشن گھروں کی تلاشی لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دو دنوں کے دوران فورسز نے ہوشاپ کے علاقے تل سے تین افراد کو گرفتاری کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے لاپتہ ہونے والے افراد کی شناخت چاکر ولد دلدار، خان محمد اور علی ولد خان محمد سکنہ ہوشاپ تل کے نام سے ہوئی ہے جبکہ آج ہوشاپ کے علاقے دمب میں فورسز کی جانب سے گھروں پر چھاپے مارے گئے ہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق دوران آپریشن فورسز نے ایک عمر رسیدہ شخص کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
واضح رہے گزشتہ روز کولواہ کے علاقے سیگک میں بھی فورسز کی جانب سے آپریشن کی اطلاعات موصول ہوئی تھی۔ دوران آپریشن گھر گھر تلاشی لینے کے بعد تین افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا تھا جن کی شناخت گلاب ولد رحیم بخش، وہاب ولد سیدو اور حسن کے نام سے ہوئی تھی۔
بلوچستان میں لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیئے آواز اٹھانے والی تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کی جانب سے عید کے روز احتجاجی ریلی و مظاہرے کا اعلان کیا گیا ہے۔
قوم آج ریاست کے ہاتھوں اپنے فرزندوں کی شہادت اور گمشدگیوں پر عید منانے سے یکسر محروم ہے۔ گذشتہ پانچ سے آٹھ سالوں سے پاکستانی خفیہ اداروں اور فوج کی دہشتگردانہ اور ظالمانہ کاروائیوں کی وجہ سے بلوچ قوم نے عید منانے کا رواج مکمل طور پر ختم کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سماجی و سیاسی کارکن حوران بلوچ اور وشی بلوچ نے گزشتہ روز وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے کیمپ کے دورے پر کی تھی۔