کوئٹہ میں دو روزہ گائنالوجی کانفرنس کا انعقاد

257

بلوچستان میں دوران زچگی ماؤں اور بچوں کی بڑھتی ہوئی شرح اموات پرشرکاء کا تشویش کا اظہار

دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کوموصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کوئٹہ میں سوسائٹی آف گائنالوجی آف پاکستان کی بلوچستان شاخ کی جانب سے’’خواتین کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں‘‘ کے موضوع پر دو روزہ قومی گائنا لوجی سائنٹیفیک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی تھے جبکہ کانفرنس میں بلوچستان سمیت ملک بھر سے ماہرین نسواں نے شرکت کی۔

دو روزہ کانفرنس کے شرکاء نے تحقیقی مقالے پیش کیئے اور خواتین کی صحت کی صورتحال اور مسائل پر روشنی ڈالی گئی۔ شرکاء کی جانب سے ان مسائل کے حل کیلئے سفارشات بھی پیش کی گئی جبکہ کانفرنس میں بلوچستان میں دوران زچگی ماؤں اور نوزائیدہ بچوں کی بڑھتی ہوئی شرح اموات پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔

کانفرنس کی منتظم اور بلوچستان کی سینئر گائناکالوجسٹ ڈاکٹر عائشہ صدیقہ کا کہناتھا کہ بلوچستان میں دوران زچگی ماوں کی شرح اموات ملک میں سب سے زیادہ ہے اور یہی صورتحال نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات کی بھی ہے۔

انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ اس کی بڑی وجہ اندرون صوبہ علاج معالجہ کی سہولیات کی کمی تو ہے ہی،دوسری وجوہات میں خواتین میں اپنی صحت سے متعلق شعوروآگہی کے فقدان کیساتھ ساتھ بچیوں کی کم عمری میں شادی کا ہونا بھی ہے۔

ڈاکٹر عائشہ صدیقہ کے مطابق صوبے میں 15اور18سال سے کم عمر بچیوں کی شادی کے کیسزرپورٹ ہورہے ہیں،بلوچستان میں پندرہ سال سے کم 15فیصد بچیوں کی شادی ہوجاتی ہے جبکہ 18سال سیکم عمر 35فیصد بچیوں کی شادی کردی جاتی ہے، یہ صورتحال لمحہ فکریہ ہے اور اس صورت حال پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

کانفرنس سے خطاب میں سوسائٹی آف گائناکالوجسٹ آف پاکستان کے صدر ڈاکٹر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں گائناکالوجسٹس کی تعداد کم ہے۔انہوں نے صوبے میں گائناکالوجسٹس کی تعداد میں اضافہ کی ضرورت پر زور دیاجبکہ پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے کانفرنس میں سوسائٹی آف گائناکالوجسٹ کی جانب سے کوئٹہ میں مفت کلینک کابھی اعلان کیااورمفت کلینک کے لئے ڈاکٹروں کو ماہانہ تنخواہ بھی ادا کی جائیگی اور انہوں نے گورنر بلوچستان سے درخواست کی کہ مفت کلینک کے لئے کوئٹہ میں جگہ فراہم کی جائے۔

دوسری جانب کانفرنس کے منتظمین کاکہناتھا کہ ایک عرصہ بعد کوئٹہ میں گائناکالوجی کانفرنس کے انعقاد سے بلوچستان میں خواتین کو صحت سے متعلق درپیش مسائل اور ان کے حل میں مدد ملے گی۔

گائناکالوجی کانفرنس میں اس عزم کااظہار کیاگیا کہ ملک بھر میں خواتین کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ اس حوالے سے ارباب اقتدار پرزور دیا گیا کہ وہ بلوچستان سمیت ملک کے طول وعرض میں خواتین کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے علاوہ خواتین کی صحت سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔

کانفرنس میں خواتین کی صحت کے شعبے میں ادویات بنانے والی کئی نیشنل اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کی جانب سے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے۔