کراچی: دکان میں دھماکا، 2 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

162

کراچی شیرشاہ کالونی میں واقع ایک دکان کے اندر دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

دی بلوچستاب پوسٹ ویب ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات مطابق کراچی کے علاقے شیر شاہ کالونی کے جناح روڈ پر واقع دکان میں زور دار دھماکا ہوا، جس کی آواز علاقے میں دور دور تک سنی گئی، دھماکے سےدکان کے اطراف کھڑی گاڑیوں اور گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں اب تک 2 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوچکے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

سول اسپتال ترجمان کے مطابق 3 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ دھماکے میں قربانی کے لیے لائے گئے کچھ مویشی بھی زخمی ہوئے۔

دھماکے کے بعد پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ رہے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے میں ابتدائی طور پر کسی تخریب کاری کا عنصر نظر نہیں آتا اور دھماکا ابتدائی طورپر سلنڈر کا لگتا ہے۔