شدت پسندوں نے افغان صدر کی موجودگی میں عید کے اجتماع کے دوران صدارتی محل پر راکٹوں سے حملہ کردیا۔
(دی بلوچستان پوسٹ)
افغان خبر رساں ادارے کے مطابق دہشت گردوں نے کابل میں صدارتی محل پر منگل کی صبح 9 بجے راکٹوں سے حملے کیئے، یہ حملے اس وقت کیئے گئے جب افغان صدر اشرف غنی عید کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔
افغان میڈیا کے مطابق صدارتی محل پر راکٹ حملہ طالبان نے کیا، حملے کے بعد علاقے میں افغان فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دو حملہ آور مارے گئے۔
افغان میڈیا کا کہنا ہےکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور ملٹری ہیلی کاپٹر علاقے میں چھپے دہشت گردوں کو تلاش کرکے نشانہ بنا رہے ہیں۔