ڈیرہ بگٹی میں لیڈی ڈاکٹر نہ ہونے کی وجہ سے دوران زچگی خاتون جانبحق
دی بلوچستان ویب ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے کاشی میں لیڈی ڈاکٹر نہ ہونے کے سبب دوران زچگی ایک خاتون جان سے ہاتھ دھو بیٹھی ۔
ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ہسپتال ہیڈکوارٹر ہسپتال سمیت ضلع بھر میں لیڈی ڈاکٹر موجود نہیں ہے جس کے باعث دوران زچگی خواتین کی اموات میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے، جبکہ گذشتہ چھ ماہ میں دوران زچگی جانبحق ہونے والے خواتین کی تعداد 16 ہوگئی۔
واضح رہے ضلع ڈیرہ بگٹی تین تحصیلوں پر مشتمل اور تین لاکھ سے زائد آبادی والا علاقہ ہونے کے باوجود اس علاقے میں اسپتال، اسکول و دیگر بنیادی سہولتوں سے وہاں کے لوگ محروم ہیں۔
گذشتہ دنوں کوئٹہ میں دو روزہ گائنالوجی کانفرنس منعقد ہوئی تھی جس میں کانفرنس کی منتظم اور بلوچستان کی سینئر گائناکالوجسٹ ڈاکٹر عائشہ صدیقہ کا کہناتھا کہ بلوچستان میں دوران زچگی ماوں کی شرح اموات ملک میں سب سے زیادہ ہے اور یہی صورتحال نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات کی بھی ہے۔
انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ اس کی بڑی وجہ اندرون بلوچستان علاج معالجہ کی سہولیات کی کمی تو ہے ہی،دوسری وجوہات میں خواتین میں اپنی صحت سے متعلق شعوروآگہی کے فقدان کیساتھ ساتھ بچیوں کی کم عمری میں شادی کا ہونا بھی ہے۔