چمن: فورسز کی گاڑی پر حملہ، 1 ہلاک، 10 زخمی

144

چمن میں مال روڈ پر فورسز کی گشتی ٹیم پر بم حملہ، 1 شخص ہلاک ، 10 زخمی

دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں فورسز کی گاڑی کو بم سے نشانہ بنایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق چمن شہر کے مصروف علاقے مال روڈ پر زیر تعمیر ڈی پی او آفس کے قریب فرنٹئیر کور کی گشتی ٹیم کو بم سے نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں 1 شخص ہلاک اور 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔زخمی ہونے والے افراد میں ایف سی کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول سے کیا گیا ہے، دھماکہ خیز مواد کو موٹر سائیکل میں نصب تھا، دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ سیکیورٹی اداروں نے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

دھماکے کے باعث قریب کھڑی گاڑیوں کو آگ  لگ گئی جسے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر بجھایا تاہم کئی گاڑیاں مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئیں۔

واضح رہے 20 جولائی کو بھی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہاؤس چمن کے سامنے نامعلوم افراد نے موٹرسائیکل میں نصب بارودی مواد کے ذریعے فورسز کی گاڑی  کو نشانہ بنایا تھا۔