نامزد گورنر بلوچستان امیرجوگیزئی کا عہدے سے دستبردار ہونیکا فیصلہ

193

نامزد گورنر بلوچستان امیرجوگیزئی نے عہدے سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کرلیا۔ امیر جوگیزئی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی عزت کی خاطر عہدے سے دستبردار ہو رہے ہیں، میرے خلاف کوئی کیس نہیں ۔ نیب نے کارروائی کرنی ہے تو کر لے، کلیئر ہونے کے بعد ہی عہدے کا حلف اٹھاوں گا۔

نامزد گورنر کا کہنا تھا کہ جب تک نیب سے کلیئرنس نہیں آتی، عہدے کا حلف نہیں اٹھاؤں گا، تاہم آئندہ ہفتے سرٹیفکیٹ جاری ہونے کے بعد حلف اٹھاؤں گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب اپنی کارروائی مکمل کرلے اور میں نہیں چاہتا میری وجہ سے کسی پر کوئی حرف آئے، میں ایک بڑا سیاسی پس منظر رکھنے والا شخص ہوں، کردار کشی کرنے والوں کو تھوڑا سوچنا چاہئے تھا۔

قبل ازیں تحریک انصاف کے اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے گورنر بلوچستان کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا اور عہدے کے لیے ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی کو نامزد کیا تھا۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر امیر جوگیزئی پر کڈنی سینٹر کوئٹہ کے لئے طبی آلات، سامان کی خریداری کے فنڈز میں خرد برد کا الزام ہے، وہ کوئٹہ کڈنی سینٹر میں چیف ایگزیکٹو تعینات تھے۔ دوسری جانب ترجمان نیب کے مطابق ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی کے خلاف تحقیقات آخری مراحل میں ہیں۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ نامزد کیے گئے گورنر بلوچستان کو میڈیکل شعبے میں بطور چائلڈ اسپیشلسٹ 32 سالہ تجربہ ہے اور وہ بولان میڈیکل کالج کوئٹہ میں ڈھائی سال سے بحیثیت رجسٹرار فرائض انجام دے رہے ہیں۔