عوامی مسائل کو حل کرنے کےلئے مل جل کر کام کرنا ہوگا – ثناء بلوچ

330

بی این پی مینگل کے رہنما اور ممبر بلوچستان اسمبلی ثناء بلوچ نے کہا ہے کہ خاران کے عوام کا دیرینہ اور حل طلب کو فوری حل کرنے کیلئے ہمیں مل جل کر کام کرنا ہو گا سرکاری آفیسران نیک نیتی سے اپنا فرائض سر انجام دیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر خاران کے دفتر میں تمام سرکاری محکموں کے ضلعی سربران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اسماعیل ابراہیم بھی موجود تھے ۔

ثناء بلوچ نے کہا کہ پی ایس ڈی پی فنڈز سے ہم کافی مسائل حل کر سکتے ہیں انہوں نے تمام ضلعی آفیسرز کو ہدایت کی کہ وہ عوامی مفادات کو مدنظر رکھ کر اسکیمات کی لسٹ بنا کر میرے پاس پہنچا دیں تاکہ ان پر جلد از جلد کام شروع کیا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ عوام کے مسائل کو کم وقت میں حل کریں انہوں نے کہا کہ ماضی میں پی ایس ڈی پی بناتے وقت سرکاری محکموں کے آفیسران کو اعتماد میں نہیں لیا گیا ہے بلکہ پی ایس ڈی پی کے 80 فیصد بجٹ کو صرف اور صرف روڈوں کی تعمیر تک محدود کیا گیا ہے ۔

یہی وجہ ہے کہ باقی تمام محکموں میں بجٹ نہ ہونے کی وجہ سے عوام کی خدمت نہیں ہو سکی ہے انہوں نے کہاکہ ہم تمام محکموں تعلیم صحت زراعت بی اینڈ آر پبلک ہیلتھ سمیت دیگر تمام محکموں کو یکساں طور پر فنڈز فراہم کرینگے تاکہ عوامی مسائل کو حل کرنے میں مدد مل سکے۔