بلوچ طلبا و طالبات بی ایس او آزاد سے منسلک ہو کر اپنا قومی فرض ادا کریں – بشیر زیب بلوچ

466

بی ایس او آذاد کے سابق چیئرمین بشیر زیب بلوچ نے اکیسویں کونسل سیشن کے انعقاد پر بی ایس او کے دوستوں کی تنظیمی جہد اور کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بی ایس او آزاد کے پر عزم نوجوانوں نے انتہائی پرکھٹن اور مشکل حالات میں بھی کونسل سیشن کا انعقاد کرکے اسے کامیاب بنا دیا جو قابل تحسین سیاسی عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی ایس او نے ہمیشہ مشکل اور سخت لمحوں اور حالات میں بھی بلوچ تحریک اور بلوچ سیاست میں ایک اہم اور شعوری کردار ادا کیا ہے اور آج ایک بار پھر بی ایس او نے اسی انقلابی روایت کو زندہ رکھ کر حالیہ سیشن میں دنیا کی بدلتی ہوئی حالات اور بلوچستان کی موجودہ گھمبیر صورتحال کو زیر بحث لاکر پالیسی ترتیب دی ہے ۔

بشیر زیب بلوچ نے کہا کہ امید ہے کہ بی ایس او کے موجودہ با علم اور باصلاحیت قیادت آگے بھی غیر روایتی انداز میں انقلابی فکر اور سیاسی شعور اور علم کے ذریعے اپنی جدوجہد کو آگے بڑھاتے ہوئے بلوچ قومی تحریک میں اہم کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج بی ایس او کے پرعزم نوجوان ٹارچر سیلوں، ریاستی تشدد اور مسخ شدہ لاشوں کے باوجود اپنے کئی دوستوں کی قربانی دیکر پھر بھی مستقل مزاجی، جوش وجذبہ کے ساتھ اپنے قومی پروگرام برائے قومی آگاہی کو عملاََ آگے بڑھا رہے ہیں۔

چیئرمین نے کہا کہ بی ایس او قومی قربانیوں کی ایک زندہ تاریخ ہے ،آج بھی سیاسی علم و شعور کے حوالے سے تمام بلوچ نوجوانوں کی امیدیں اور توقعات بی ایس او آزاد سے وابستہ ہیں، اور امید ہے کہ بی ایس او کی نئی قیادت بلوچ نوجوانوں کے تمام امیدوں اور توقعات کو اپنی قومی و انقلابی پالیسیوں اور پروگرام کے ذریعے پورا کریگی اور بلوچ نوجوانوں میں علم و شعور کو اجاگر کرکے قومی تحریک برائے قومی آزادی کو باشعور اور مضبوط کیڈر فراہم کریگی اور بلوچ سماج میں ریاستی جبر و تشدد کا مقابلہ کرتے ہوئے بلوچ سیاست میں موجودہ خلاء کو پرکرنے میں اہم کردار ادا کرکے بلوچ نیشنلزم کی سوچ کو بہتر انداز میں شعور و آگاہی فراہم کرکے مزید تواناکرےگا۔

بشیر زیب بلوچ نے کہا کہ سابق چیئرمین کی حیثیت سے تمام بلوچ طلبہ اور طالبات سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ علم و شعور کی حصول کے خاطر بی ایس او آزاد کے پلیٹ فارم سے منسلک ہوکر بلوچ سیاست میں اپنا قومی فرض ادا کریں۔