بلوچستان: ٹریفک حادثات میں 3 افراد جانبحق، 16 زخمی

151

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں روڈ حادثات میں 3 افراد جانبحق جبکہ 16 افراد زخمی

دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق خاران، وڈھ اور کچلاک میں ہونے والے ٹریفک حادثات میں تین افراد جانبحق اور سولہ افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق خاران میں ڈبل روڈ پر بریک فیل ہونے کی وجہ سے کار کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق زخمی شخص کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

بلوچستان کے علاقے خضدار میں ایک اور ٹریفک حادثے میں دو افراد جانبحق اور پندرہ زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق خضدار کے علاقے وڈھ کے قریب گاسلیٹی کے مقام پر کراچی سے پنجگور جانے والی کوچ اور مزدا گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں 2 افراد موقع پر جانبحق اور پندرہ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو خضدار شہر منتقل کردیا گیا۔

جبکہ کچلاک میں ایک اور حادثے میں ایک شخص جانبحق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق کچلاک میں موٹر سائیکل اور گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں 30 سالہ موٹر سائیکل سوار تاج ولد غازی محمد ملاخیل سکنہ ہرنائی جانبحق ہوگیا۔

چھیپا ذرائع کے مطابق جانبحق شخص کی لاش کوئٹہ منتقل کردی گئی۔