بلوچستان: مختلف حادثات و واقعات میں 2 افراد جانبحق، 6 زخمی

186

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات و واقعات میں 2 افراد جانبحق اور6 زخمی ہوگئے۔

دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو موصول ہونے والی آمدہ اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں مستونگ، کچلاک، ڈیرہ مراد جمالی اور سنجاوی میں حادثات و واقعات میں مجموعی طور پر دو افراد جانبحق اور چھ زخمی ہوگئے ۔

مستونگ میں شیخ زاہد ہسپتال کے قریب گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 23 سالہ نوید ولد غلام نبی سمالانی سکنہ سریاب کوئٹہ جانبحق ہوگیا جس کی لاش سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردی گئی۔

کچلاک میں بوستان روڈ پر اسی نوعیت کے ایک اور حادثے میں گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار دو افراد زخمی ہوگئے۔

دریں اثناء نصیر آباد کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی میں صدر تھانہ کے حدود میں ربیع کینال کے قریب دو قبائل میں تصادم کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق قبائل میں معمولی بات پر تصادم ہوئی تھی جبکہ زخمی ہونے والے افراد کی شناخت فخر الدین ساسولی، عبدالقیوم بروہی، وکیل احمد پیچوہا اور گل محمد پیچوہا کے نام سے ہوئی ہے۔

ادھر سنجاوی میں نوجوان کھلاڑی کے خودکشی کا واقعہ پیش آیا۔

ذرائع کے مطابق نوجوان کھلاڑی حکمران ولد فیض محمد خروٹی نے زہر پی کر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا تاہم خودکشی کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔