ایران پر امریکی پابندیوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ حیربیار مری

259

میڈیا میں جاری ایک پریس ریلیز میں بلوچ رہنما حیربیار مری نے امریکہ کی ایران پر پابندیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی معیشت ریاست کی جانب سے کنٹرول کی جانے والی معیشت ہے جسے ریاست خطے میں پراکسی جنگوں میں استعمال کر رہی ہے۔

حیربیارمری نے مزید کہا کہ ایران نے ایک منظم طریقے سے بلوچستان پر قبضے کے بعد اس کی معیشت پر پابندی عائد کی ہے۔ ساحل اور وسائل سے مالامال ہونے کے باوجود بلوچ قوم بنیادی سہولیات سے محروم زندگی گذارنے پر مجبور ہے اور امریکہ کی ایران پر پابندیوں کی صورت میں ایرانی مقبوضہ بلوچستان کی حالت نہیں بگڑے گے کیونکہ بلوچ قوم کے پاس کھونے کیلئے کچھ بھی نہیں بچا ہے کیونکہ ہماری سرزمین پہلے سے ہی ایران کے زیر قبضہ ہے.

انہوں نے کہا بلوچستان کی معیشت کی فطری ترقی کو روک دیا گیا ہے اور دنیا کی امیر ترین قوم آج غربت کی زندگی گذار رہی ہے۔ یہ امریکہ اور مغربی ریاستوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو اسلامی دہشتگردی سے محفوظ رکھیں ۔

بلوچ رہنما کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور ایرانی جہادی آرمی بلوچوں کو لوٹ رہے ہیں اور انہیں مذہب کے نام پر قتل کر رہے ہیں۔ امریکہ ایک طاقتور ملک ہے اور وہ اپنے شہریوں کو اس مذہبی دہشتگردی سے بچا سکتا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دوسری مغربی قیادت پر اسلامی فوبیا کے الزامات لگانے سے بہتر ہے کہ مسلم ممالک اپنی کمزوریوں اور کوتاہیوں کو دیکھیں کہ وہ کیوں اپنے لوگوں کو مذہب کے نام پر دہشتگردی کرنے سے روکنے میں ناکام رہے ہیں۔