امریکی گلوکار نے پریانکا چوپڑا سے منگنی کی تصدیق کردی

302

بولی وڈ پگی چوپس پریانکا چوپڑا اور امریکی گلوکار نک جونس کے درمیان محبت کی چہ مگوئیاں تو کب سے جاری تھیں، تاہم گزشتہ 2 ماہ سے ان کی منگنی کی افواہیں بھی چل رہی ہیں۔

رواں ماہ اگست کے پہلے ہفتے میں نک جونس اور پریانکا چوپڑا کو سنگاپور میں میوزک کنسرٹ میں ایک ساتھ دیکھا گیا، جس کے بعد اداکارہ واپس بھارت پہنچیں تو ان کی انگلیوں میں منگنی کی انگوٹھی دیکھی گئی۔

تاہم اداکارہ نے ممبئی کے ایئرپورٹ سے باہر نکلتے ہی بڑی ہوشیار سے منگنی کی انگوٹھی اتار کر اپنی جینز میں چھپادی تھی۔

انگوٹھی چھپائے جانے کے ایک دن بعد ہی پریانکا چوپڑا نے ممبئی میں ہونے والی ایک تقریب میں اگرچہ نک جونس سے منگنی یا شادی کی خبروں کی تردید یا تصدیق نہیں کی تھی، تاہم انہوں نے کہا تھا کہ یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے اور وہ اس پر بات نہیں کرنا چاہتیں۔

لیکن اب امریکی گلوکار 25 سالہ نک جونس نے اداکارہ سے منگنی کی مبہم انداز میں تصدیق کردی۔

امریکی نشریاتی ادارے ‘یو ایس ویکلی’ کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں اپنے پرفیوم کی تقریب رونمائی کے موقع پر ایک مداح نے نک جونس کو منگنی کی مبارک باد دی، جس پر گلوکار نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

نشریاتی ادارے کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ امریکی گلوکار نے بھارتی اداکارہ سے منگنی کے معاملے پر خاموشی اختیار کرنے کے بجائے اس کی تصدیق کی۔