افغان طالبان لڑائی سے تھک چکے ہیں

245

افغان طالبان نے اپنے ہلاکت خیز حملوں سے کابل حکومت کو پریشان کر رکھا ہے۔ تاہم ایسا بھی دکھائی دے رہا ہے کہ طالبان شاید لڑائی سے تھک چکے ہیں۔ افغان امور کے ماہر تھوماس رُوٹِگ کے مطابق مثبت بات چیت کے لیے یہ مناسب وقت ہے۔

افغان امور کے ماہر تھوماس رُوٹِگ جو افغانستان اینالسٹس نیٹ ورک (اے اے این) کے شریک ڈائریکٹر بھی ہیں  ان سے جب سوال گیا کہ   افغانستان میں اکتوبر میں پارلیمانی انتخابات ہونا ہیں جبکہ دوسری جانب طالبان اور ’اسلامک اسٹیٹ‘ حملے کرتے ہوئے کابل حکومت پر دباؤ بھی ڈال رہے ہیں، ان حالات میں افغانستان میں جمہوریت کی بحالی کس حد تک ممکن ہے؟

تھوماس رُوٹِگ کے بقول افغانستان میں جمہوریت کی بحالی کا عمل گذشتہ کچھ عرصے سے تنزلی کا شکار ہے اور اس کی کچھ حد تک ذمہ داری طالبان پر بھی عائد ہوتی ہے۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ آئندہ انتخابی عمل کے دوران عین ممکن ہے کہ طالبان انتخابی مراکز کو نشانہ بنائیں۔

ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ افغانستان کے امراء کی ایک بڑی تعداد جمہوریت پر یقین نہیں رکھتی اور اسی وجہ سے جمہوری ادارے بھی اپنا کام درست انداز میں نہیں کر پاتے۔ انہوں نے کہا، ’’میرے خیال میں جمہوری ادارے غیر جمہوری افراد کے زیر اثر ہیں اور ان حالات میں جمہوریت کا پروان چڑھنا ممکن نہیں۔‘‘
افغانستان میں طالبان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں رُوٹِگ نے کہا کہ طالبان بہت زیادہ طاقت ور ہو چکے ہیں۔ وہ مسلسل شہروں پر حملے کررہے ہیں، ’’طالبان شہروں میں داخل ہوتے ہیں، کچھ دن اس پر قبضہ کرتے ہیں اور پھر واپس چلے جاتے ہیں۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کسی بھی وقت پیش قدمی کر سکتے ہیں اور تمام تر تربیت اور سرمایہ کاری کے بعد بھی افغان دستے انہیں روکنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔‘‘

اس سلسلے میں انہوں نے غزنی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ طالبان کے دعوے کے مطابق انہوں نے خود اس شہر پر اپنا قبضہ ختم کیا تھا اور یہ طاقت کا ایک مظاہرہ تھا۔ طالبان نے کہا ہے کہ غزنی پر حملہ اس امریکی بیان کے رد عمل میں کیا گیا تھا، جس میں واشنگٹن نے کہا تھا کہ مذاکرات سے قبل امریکا افغان طالبان کو عسکری طور پر سزا دینا چاہتا ہے۔

تھوماس رُوٹِگ کے مطابق یہ امریکیوں کے ساتھ ساتھ افغان حکومت کے لیے بھی ایک تباہ کن صورتحال ہے۔

طالبان کے ساتھ حال ہی میں قطر اور ازبکستان میں مذاکرات ہوئے اور اس بات پر بھی اتفاق ہو چکا ہے کہ ایک ماہ کے اندر اندر امریکا اور طالبان کے نمائندوں کے مابین ایک اور ملاقات ہو گی۔ تھوماس رُوٹِگ کے مطابق اس پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ معاملات آگے بڑھ رہے ہیں۔