چمن: مال روڈ پر فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکا، متعدد افراد زخمی

152

چمن: مال روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا جس میں چار افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق بلوچستان کے علاقے چمن کے مال روڈ پر زور دار دھماکا ہوا جس سے قریب کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور علاقے میں موجود 10 دکانوں کو بھی نقصان نقصان پہنچا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دکان کے سامنے کھڑی ایک موٹرسائیکل میں دھماکا ہوا جو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔

پولیس کےمطابق دھماکے میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا جب کہ دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 2 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہےکہ دھماکا اس وقت ہوا جب سیکیورٹی فورسز کی گاڑی علاقے سے گزر رہی تھی، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری پہنچ گئی، علاقے کو مکمل گھیرے میں لے کر سیل کردیا گیا ہے اور اعلیٰ حکام بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔

علاقائی ذرائع کےمطابق دھماکے سے ایک گھنٹہ قبل علاقے میں دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی تھی۔
ڈپٹی کمشنر کی جانب سے تین روز قبل علاقے میں دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ بھی جاری کیا گیا تھا جس کے باعث پولیس اور ایف سی کی نفری نے پیٹرولنگ بڑھا دی تھی۔