لیاری : بلاول بھٹو کے قافلے پر مشتعل مظاہرین کا حملہ

246

کراچی: لیاری کے علاقے بہار کالونی میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے قافلے پر مشتعل افراد نے حملہ کردیا اور ڈنڈوں سے گاڑی کے شیشے توڑ دیئے۔ 

دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری بہار کالونی میں پیپلزپارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زردای کے قافلے پر نامعلوم مشتعل افراد نے حملہ کردیا اور شدید نعرے بازی کی گئی جب کہ مشتعل مظاہرین نے بلاول بھٹو کی گاڑی کے شیشے بھی توڑ دیئے۔

اطلاعات کے مطابق مشتعل مظاہرین نے ہاتھوں میں ڈنڈے اور پتھر اٹھارکھے تھے اور جیسے ہی بلاول بھٹو کی گاڑی بہار کالونی سے گزری تو عوام کے جمِ غفیر نے بلاول بھٹو کی گاڑی کو گھیرے میں لے لیا اور شکایات کے انبار لگا دیئے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ لیاری پیپلزپارٹی کا گڑھ ہے لیکن یہاں کے عوام آج بھی پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ احتجاج کے دوران چند افراد مشتعل ہوگئے اور انہوں نے بلاول بھٹو کے ساتھ شامل قافلے پر پتھراؤ شروع کردیا جب کہ چند افراد نے چیئرمین پیپلزپارٹی کی گاڑی کے شیشے توڑ دیئے۔ مشتعل افراد کو روکنے کے لئے پولیس نے ہوائی فائرنگ اور شیلنگ بھی کی تاہم مشتعل افراد قابو سے باہر رہے۔

واضح رہے یہ پہلی مرتبہ ہےکہ لیاری میں پیلپز پارٹی کے چیئر مین کے سامنے اس طرح کا شدید احتجاج دیکھنے میں آیا ہے۔