عوام کو اب صرف جھوٹے وعدوں سے نہیں بہلایا جاسکتا : اختر مینگل

169

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر  مینگل نے کہا ہے کہ اب وہ وقت نہیں رہا جب عوام کو محض جھوٹے وعدوں سے بہلایا جاسکے۔

اہل بلوچستان سیاسی شعور کے حامل ہیں اور انہوں نے بلوچستان نیشنل پارٹی کو مستحکم کرنے کا عہد کر رکھا ہے آنے والا وقت بلوچستان نیشنل پارٹی کی کامیابی کا ہے جو اہل بلوچستان کو حق حکمرانی دلائے گی شدید گرمی میں جس طرح عوام بلوچستان نیشنل پارٹی کی سیاسی جہد میں شانہ بشانہ ہیں اس پر میں اپنی عوام کا بے حد مشکور ہوں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لسبیلہ اور اوتھل میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

سردار اختر مینگل نے کہا کہ لسبیلہ کا درجہ حرارت 38 سینٹی گریڈ سے زائد ہے مگر عوام کی ایک بڑی تعداد بلوچستان نیشنل پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں میں شریک ہیں جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ لسبیلہ سمیت بلوچستان بھر کی عوام نے بلوچستان نیشنل پارٹی کو انتخابات میں بھرپور کامیابی کو یقینی بنانے کا عزم کر رکھا ہے میں اپنے عوام کی اس مخلصی اور عظیم جذبہ کو سلام پیش کرتا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں ہمیں مشترکہ جہد کے ذریعے ایک ایسی حکومت کی تشکیل کے لئے کاوشیں کرنا ہونگی جو اہل بلوچستان کی طرز زندگی کو ان سہولیات سے آراستہ کیا جاسکے جس سے ہمیشہ انہیں محروم رکھا گیا ہے یہی بلوچستان نیشنل پارٹی کی سیاسی جہد کا محور ہے ہم ہمیشہ اپنی عوام کے لئے آواز بلند کی اور اس کے لئے نہ تو کبھی مصلحت کا شکار ہوئے اور نہ ہی ایوانوں کی نرم نشستیں ہمیں اپنے عوام کے مفادات سے دستبردار کر سکیں بلکہ بلوچستان نیشنل پارٹی ہر کارکن خود کو اہل بلوچستان کے حقوق کا محافظ سمجھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کو عوام نے نہ صرف اپنا حق رائے دہی استعمال کرنا ہے بلکہ بلوچستان نیشنل پارٹی کی کامیابی کو بھی یقینی بنانا ہوگا کیونکہ بی این پی کامیابی کے پیچھے عوام کی کامیابی مضمر ہے ۔