دہشتگردی کے خاتمے کےلئے پاکستان سے منفرد تحریری معاہدہ طے پا گیا: اشرف غنی

220

افغان صدر اشر ف غنی نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان ملکر دہشتگردی کاخاتمہ کرینگے، دونوں ممالک میں ایک منفرد تحریری معاہدہ طے پانے کے قریب ہے جس کا فریم ورک بن گیا ہے. افغان طالبان مسئلے کا حل بھی پاکستانی مدد کے بغیر ممکن نہیں۔

 دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق  صدرا شرف غنی نے دارالحکومت کابل میں تقریب میں تسلیم کیا طالبان کا مسئلہ پاکستان کی مدد سے حل ہو سکتا ہے، اپنے خطاب میں صدر اشرف غنی نے کہا دہشت گردی کےخاتمے کے لیے پاکستان اور افغانستان میں تحریری فریم ورک طے پا گیا ہے۔

انہوں نے کہا دونوں ممالک میں دہشتگردی کے خاتمے کے حوالے سے اقدامات پر بات آگے بڑھی ہے۔

جب اشرف غنی سے معاہدے کی تفصیلات بتانے کا کہا گیا تو انہوں نے کہا جلد میڈیا کو اس سے آگاہ کیا جائے گا، دوسری جانب صدر اشرف غنی نے طالبان کے ساتھ سیز فائر ختم کرنے کا بھی اعلا ن کیا، انہوں نے کہا عید الفطر پر ہونے والی جنگ بندی نے ثابت کیا ہے کہ بہت سے طالبان جنگ سے عاجز آچکے ہیں اور امن کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے طالبان کو مذاکرات کی دوبارہ دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ جب بھی چاہیں گے حکومت دوبارہ جنگ بندی کے لیے تیار ہے۔