ڈیرہ بگٹی، پنجگور اور تمپ میں پولنگ اسٹیشنوں اور فورسز پر حملے، نقصانات کی اطلاع
دی بلوچستان پوسٹ کو موصول اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں مرو کے مقام پر پولنگ اسٹنشوں پر گشت میں مصروف سیکورٹی اہلکاروں کے ایک قافلے پر مسلح افراد نے خود کار ہتھیاروں اور راکٹوں سے حملہ کیا ہے۔
ڈیرہ بگٹی سے لیویز زرائع کے مطابق حملے میں فورسز کے چار اہلکار ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے ہیں، لاشوں اور زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے زریعے سوئی پی پی ایل ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے بونستان میں پولنگ اسٹیشن پر نامعلوم افراد نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا ہے جس میں نقصانات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم ابھی تک ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
دوسری جانب تمپ میں پولنگ اسٹیشن پر ایک بار پھر سے حملہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تمپ کے علاقے سرنکن میں پولنگ اسٹیشن پردوسری بار حملے کے نتیجے میں فورسز کے جانی و مالی نقصانات کی اطلاعات ہیں تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات موصول نہیں ہوئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد فورسز کے دو ہیلی کاپٹر پولنگ اسٹیشن پر اترے ہیں اور پولنگ اسٹیشن کو بھی بند کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خضدار، حب اور ہرنائی میں فورسز اور پولنگ اسٹیشنوں پر حملوں کی ذمہ داری بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیم بی ایل اے نے قبول کی ہے۔
بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جیئند بلوچ نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ بندوق اور فوج کے زیر سایہ ہونے والے نام نہاد الیکشن جو دراصل ایک سلیکشن ہے، اس کو بلوچ عوام پر زبردستی مسلط کرنے کے خلاف مزحمتی عمل جاری رکھیں گے۔