ایران: غیر مہذب رقص کے الزام میں نوجوان لڑکی گرفتار

639

ایرانی حکومت نے 18 سالہ لڑکی مائدہ ھژبری کو غیر مہذب ڈانس کرکے لوگوں کو گمراہ کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

ایرانی حکومت نے نوجوان ڈانسر کو 2 دن قبل ریاستی ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے ایک اعترافی بیان کے بعد گرفتار کیا، جس میں مائدہ ھژبری نے اعتراف کیا کہ ان کا رقص غیر مہذب تھا۔

ساتھ ہی ویڈیو میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ رقص کی ویڈیو ریکارڈ کرتے وقت ان کا ہرگز یہ خیال نہیں تھا کہ وہ اس طریقے سے ڈانس کریں گی۔

مائدہ کی گرفتاری کے بعد ایران میں خواتین ان کی حمایت میں رقص کرتے ہوئے اپنی ویڈیوز پوسٹ کر رہی ہیں۔

ایران میں سوشل میڈیا صارفین اس نوجوان رقاصہ کی حمایت میں ویڈیو اور پیغامات شیئر کر رہے ہیں۔ ان کے حق میں استعمال کیے جانے والے ہیش ٹیگ میں سے ایک ’رقص کرنا کوئی جرم نہیں‘ ہے۔

ایران میں خواتین کے لباس اور مخالف صنف کے ساتھ سرعام رقص کے حوالے سے سخت ضابطے ہیں۔ خواتین صرف اپنے قریبی خاندان کے سامنے ہی ایسا کر سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں ایران میں کئی دیگر رقاصاؤں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

بلاگر حسین روناگھی نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ’اگر آپ دنیا میں کہیں بھی لوگوں کو بتائیں گے کہ 17 یا 18 سال کی ایک لڑکی کو رقص کرنے، خوش ہونے اور خوبصورت ہونے پر غیر مہذب ہونے کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا جبکہ بچوں کا ریپ کرنے والے اور دوسرے مجرم آزاد ہیں تو وہ ہنسیں گے۔ یہ ناقابلِ یقین ہے۔‘