آواران: فورسز کی جانب سے بستیاں نذرآتش

215

بلوچستان کے علاقے آواران میں فورسز کی جانب سے 3 بستیوں کو نذرآتش کیا گیا۔

ٹی بی پی نمائندے کو موصول اطلاعات کے مطابق آواران کے علاقے جھکرو میں زرین میتگ، شیر محمد میتگ اور کریم بخش میتگ نامی تین بستیوں کو پاکستانی فورسز نے نذرآتش کردیا۔

ذرائع کے مطابق اس علاقے کے لوگوں کو پہلے ہی فورسز نے زبردستی نقل مکانی کر کے اپنے کیمپوں کے پاس منتقل کردیا تھا اور ابھی فورسز نے ان تمام گھروں کو بھی نذر آتش کردیا ہے۔

یاد رہے کہ الیکشن سے قبل بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آبادیوں کو زبردستی فوجی کیمپوں کے قریب منتقل کردیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ڈیرہ بگٹی، کوہلو، بولان، مشکے اور مکران کے کئی علاقوں میں فورسز آپریشن کے دوران گھروں کو نذر آتش کرچکے ہیں اور علاقائی لوگوں نے فورسز پر ہمیشہ یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ وہ ان کے تمام قیمتی ساز و سامان اور مال مویشی بھی لوٹ کر لے جاتے ہیں۔