بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے رہنماؤں کاکہناہے کہ آزادی صحافت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، انگریزی اخبار اور ٹی وی پر غیر اعلانیہ سینسر شپ کا فی الفور خاتمہ کیا جائے ورنہ صحافی ملک بھرمیں اس احتجاجی تحریک کووسعت دیتے ہوئے اس میں مزید شدت لائیں گے،بی یو جے اس تحریک میں بھی ہمیشہ کی طرح صف اول کاکردار اداکرتے ہوئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
ان خیالات کااظہار بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر خلیل احمد ، پی ایف یوجے کے سینئر نائب صدر سلیم شاہد اور کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضاالرحمن نے تحریک آزادی صحافت کے حوالے سے منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کاکہناتھا کہ دنیا میں جہاں آزادی صحافت کادن منایا جارہا ہے وہاں ہمارے ملک میں اظہار رائے کی آزادی پر قدغن لگانے کیلئے میڈیا پر پابندیاں لگائی جارہی ہیں۔
مقررین کاکہناتھا کہ مارشل لاء کے دور سے لے کر اب تک صحافیوں نے جمہوریت کیلئے جدوجہد کی اور کوڑے تک کھائے مگر آج جمہوریء دورمیں بھی ہمارے خلاف ایسے بدترین کاروائیاں کی جارہی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پہلے بھی صحافیوں نے اپنے حقوق کیلئے قربانیاں دی ہیں اور اب بھی کسی قربانی دریغ نہیں کریں گے