زر خرید ایجنٹوں کے ذریعے بلوچ عوام میں بد اعتمادی پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ماما قدیر بلوچ
لاپتہ بلوچ اسیران و شہداء کی بازیابی کے لئے پریس کلب کوئٹہ کے سامنے لگائے گئے بھوک ہڑتالی کیمپ کو 3091 دن ہوگئے، ضلع پشین کے سیاسی و سماجی شخصیت محمد سلیم نے اپنے وفد کے ساتھ لاپتہ افراد ، شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کی ۔
وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے وائس چیرمین ماما قدیر بلوچ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں قومی غداروں، زرخرید ایجنٹوں کو بلوچ معاشرے میں سماجی حیثیت دلواکر ان کو آذادی پسند لیڈرشپ کے سامنے لاکھڑا کیا گیا ہے اور ان کے حفاظت کیلئے بلوچستان کے وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے۔
ماما قدیر بلوچ نے کہا کہ ان زر خرید ایجنٹوں کے ذریعے بلوچ عوام میں بد اعتمادی پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بلوچستان میں پانچ بار فوج کشی کی گئی، ظالم ختم ہوگئے مگر اس قوم کو ختم نہیں کرسکیں۔