پریانکا چوپڑا کی امریکی گلوکار نک جونس سے منگنی

314

 پریانکا چوپڑا جو جلد ہی سلمان خان کے ساتھ فلم ’بھارت‘ میں جلوے بکھیرتی نظرآٗئیں گی۔

وہ ان دنوں اپنی فلموں نہیں بلکہ ذاتی زندگی یعنی جلد سے جلد شادی کرنے کی خواہش کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔

یہ خبریں تو گزشتہ چند ہفتوں سےجاری تھیں کہ پریانکا چوپڑا جلد سے جلد امریکی گلوکار نک جونس سے شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

تاہم اب اس حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ اداکارہ آئندہ ایک ماہ کے اندر امریکی گلوکار سے منگنی کریں گی۔

فلم فیئر نے اپنی رپورٹ میں ذرائع سے بتایا کہ پریانکا چوپڑا اور نک جونس آئندہ ماہ جولائی کے آخر یا پھر اگست کے شروع میں منگنی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نک جونس جو ان دنوں پریانکا چوپڑا کے خاندان سے ملنے کے لیے بھارت میں موجود ہیں، انہوں نے حالیہ ملاقات کے دوران اپنی منگنی کی بات کو حتمی شکل دے دی۔

ذرائع نے بتایا کہ نک جونس اور پریانکا چوپڑا کے خاندان کے درمیان جلد سے جلد منگنی کرنے پر اتفاق ہوا۔

رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ پریانکا چوپڑا اور نک جونس کی منگنی کہاں ہوں گی اور تقریب میں کون کون شرکت کریں گے۔

تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ منگنی کی تقریب امریکا میں منعقد ہوگی، جہاں دونوں اداکاروں کے اہل خانہ اور انتہائی قریبی دوست شامل ہوں گے۔

خیال رہے کہ نک جونس اور پریانکا چوپڑا سب سے پہلی بار 2017 کے کانز فلمی میلے کے ’میٹ گالا‘ پر ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے تھے، جس کے بعد ان دونوں کے درمیان تعلقات استوار ہوئے۔

25 سالہ گلوکار نک جونس عمر میں پریانکا چوپڑا سے 10 سال چھوٹے ہیں۔

گزشتہ چند ہفتوں سے انہیں تسلسل کے ساتھ ایک بار دیکھا گیا، رواں ماہ جون کے آغاز میں دونوں کو امریکا میں مختلف مقامات پر ایک ساتھ دیکھا گیا، جن کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔

بعد ازاں پریانکا چوپڑا نے نک جونس کے خاندان میں ہونے والی ایک شادی کی تقریب میں بھی شرکت کی۔

حال ہی میں نک جونس پہلی بار بھارت پہنچے، جہاں انہوں نے پریانکا چوپڑا کی والدہ مدھو چوپڑا اور بھائی سدھارتھ چوپڑا سے بھی ملاقات کی۔

نک جونس نے 24 اور 25 جون کو پریانکا چوپڑا اور ان کی کزن اداکارہ پرینیتی چوپڑا سمیت دیگر افراد کے ساتھ ریاست گووا میں وقت گزارا۔

پریانکا چوپڑا کے خاندان سے ملاقات کے بعد نک جونس اب واپس امریکا روانہ ہوجائیں گے، جس کے بعد اگلے ماہ ان کی منگنی کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے پریانکا چوپڑا اور نک جونس نے تاحال کوئی بیان نہیں دیا۔